Live Updates

سیلاب کا پانی اترنے کے بعد حکومت کا اصل امتحان شروع ہوگا ‘ مقررین

عالمی مالیاتی اداروں،ڈونر ایجنسیوں سے رابطے کر کے سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا جائے متاثرین کے یوٹیلٹی بلز، قرضے معاف کئے جائیں ،’’ہچکولے کھاتی معیشت ،سیلاب کی تبا ہ کاریاں‘‘کے موضوع پر مذاکرہ

اتوار 7 ستمبر 2025 12:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)حکومت سنگل ڈیجٹ پالیسی ریٹ اور سنگل ڈیجٹ ٹیکس ریٹ کا اعلان کرے ،بد ترین سیلاب کے باعث معیشت کی ترقی کے سارے اعدادوشمار پیشگوئیوں کے برعکس ہونے جارہے ہیں اس لئے حکومت فی الفور باضابطہ مشاورت کا آغاز کرے اور آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے،سیلاب سے معیشت خصوصاً زراعت کو وسیع پیمانے پر نقصان ہوا ہے لیکن حکومتی سطح پر کوئی پریشانی نظر نہیں آرہی جو لمحہ فکریہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ماہر معاشیات ،جنرل سیکر ٹری انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن اسحاق بریار ،صدرعاشق علی رانا ،سینئر نائب صدور ملک جلیل اعوان،غلام حسین فنانس سیکرٹری شیخ عدیل شاہداوردیگر نے ’’ ہچکولے کھاتی معیشت اور سیلاب کی تباہ کاریاں ‘‘ کے موضوع پر مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ سیلاب کا پانی اترنے کے بعد حکومت کا اصل امتحان شروع ہوگا اس لئے اس کی پیشگی تیاری کرنی چاہیے ۔

سیلاب کے نقصان کا جائزہ لینے ، لوگوں کو گھروں میں دوبارہ آباد کرنے اور معیشت کو دوبارہ پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے منصوبہ بندی میںصرف بیورو کریسی پر اکتفانہ کیا جائے بلکہ اس کے لئے نجی شعبے سے ماہرین کو بھی مشاورت کے عمل میں شامل کیا جائے ۔ حالیہ سیلاب سے معیشت کو جس قدر نقصان پہنچا ہے اس کے اثرات آنے والے کئی سالوں تک نمایاں رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ اپنے بیانات میں بار ہا یہ کہتا ہے کہ ہمیں مشکل کی اس گھڑی میں ایک قوم بننا ہے لیکن بتایا جائے اس کے لئے حکومت نے کیا پیشرفت کی ہے ۔ حکومت فی الفور دنیا کو سیلاب کے نقصان سے آگاہ کرے ، عالمی مالیاتی اداروںاور ڈونر ایجنسیوں سے رابطے کئے جائیں کیونکہ سیلاب سے اربوں ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے ۔حکومت فی الفور متاثرہ علاقوں میں یوٹیلٹی بلز معاف کرے ،کسانوں کے زرعی قرضے معاف کرنے کے ساتھ انہیں آئندہ فصلوں کی تیاری کے لئے بھی بغیر سود قرضے دئیے جائیں کیونکہ زراعت چلے گی توپاکستان کی معیشت چل سکے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات