آزاد کشمیر بھرمیں جشنِ عید میلاد النبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی جلوس و محافل کا انعقاد کیا گیا
مظفرآباد میں مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآباد کے زیر اہتمام 12 ربیع الاول کی مناسبت سے بابرکت تقریبات منعقد کی گئیں
اتوار 7 ستمبر 2025
13:00
�ظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)دنیا بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی جشنِ عید میلاد النبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی جلوس و محافل کا انعقاد کیا گیا، اس سلسلہ میں دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآباد کے زیر اہتمام 12 ربیع الاول کی مناسبت سے بابرکت تقریبات منعقد کی گئیں، 12 ربیع الاول کی صبح جشنِ صبح بہاراں اور پرچم کشائی کی پُروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا، فضا درود و سلام اور نعر? رسالت ﷺ سے گونجتی رہی، عاشقانِ رسول ﷺ شہر بھر سے بڑی تعداد میں جلسے جلوسوں میں شریک ہوئے،اس موقع پر وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشید، وزیر سماجی بہبود وترقی نسواں سید بازل علی نقوی، صدر مرکزی سیرت کمیٹی عتیق احمد رضا، سالارِ اعلیٰ صاحبزادہ عتیق احمد جھاگوی، مبلغ اسلام پیر سید محمد فاروق شاہ سیفی، جنرل سیکرٹری خرم شہزاد چوہدری، ڈپٹی کمشنر مظفر آباد مدثر فاروق، میئر میونسپل کارپوریشن سکندر نثار گیلانی، ایس ایس پی مظفرآباد سید ریاض حیدر بخاری، ڈی ایس پی مظفرآباد، نذیر احمد ماکنوں، ندیر احمد شیخ، حافظ عبد الوحید اعوان،محمد دانش رضا،صاحبزادہ مہتاب احمد شاہ ہاشمی، قاری محمد ضمیر الدین،سمیت علمائے کرام، مشائخ عظام اور مختلف طبقاتِ زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز شخصیات بھی موجود تھیں،اعلی الصبح مرکزی سیرت کمیٹی سیکیورٹی اسکواڈ اور شہری دفاع کے رضاکاروں کے دستوں نے پرچم کو سلامی پیش کی، جس نے فضا کو ایمان افروز مناظر سے روشن کر دیا، پرچم کشائی کے بعد 10 بجے صبح دربار عالیہ سائیں سخی سہیلی سرکار میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے ابتدائی نشست منعقد ہوئی، اس روحانی محفل میں نعتیہ کلام اور درود و سلام کی صدائیں بلند ہوئیں، اور علماء و مشائخ نے ولادتِ باسعادت ﷺ کی اہمیت پر روشنی ڈالی،بعد ازاں مرکزی جلوس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا، جلوس کا منظر نہایت دلکش اور دیدنی تھا، جلوس کے آغاز میں مدارس کے طلبہ نے ہاتھوں میں پھولوں کے گلدستے اٹھائے، حضور پر نور علیہ الصلٰوة والسلام سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا، جابجا نصب سبز پرچم، عقیدت سے لبریز نعرے اور درود و سلام کی صدائیں، مظفرآباد کی فضا کو معطر کر رہی تھیں،جلوس شاہ سلطان برج، بنک روڈ اور سی ایم ایچ روڈ سے گزرتا ہوا ایک بڑے عوامی اجتماع کی شکل میں یونیورسٹی کالج گراؤنڈ میں پہنچا، جہاں قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، مرکزی انجمن تاجران مظفرآباد، انجمن تاجران مدینہ مارکیٹ اور دیگر تنظیمات اور عاشقانِ مصطفٰی نے جگہ جگہ میلاد النبی کے جلوس کا استقبال کیا، اور اہل محبت کی جانب سے پانی اور نیاز سے شرکاء جلوس کی خدمت کی گئی،امسال 15 سو سالہ جشنِ ولادت کی خوشی میں مظفرآباد کے نواحی علاقوں نوسیری، نوسدہ، بلگراں، پنجگراں، کنور شریف، باڑیاں، نیاز پورہ، بٹلیاں، یونین کونسل انوار شریف کے مضافاتی علاقوں چندیرہ، کپہ بٹ، چڑکپورہ، کہوڑی، سرلی سچہ، کھنیاں کے علاوہ دلائی، یونین کونسل اپر گوجرہ، اپر پترینڈ، ایئر پورٹ، گن چھتر سمیت دیگر علاقوں کے ہزاروں عاشقان مصطفیٰ نے شرکت کی،قومی سیرت کانفرنس سے عالمی مبلغ اسلام علامہ مولانا سید فاروق حسین شاہ سیفی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ اہلِ ایمان کے لیے عظیم رحمت ہے، کیونکہ اسی مہینے میں نبی کریم ﷺ کی ولادت ہوئی، جو تمام جہانوں کے لیے باعثِ رحمت ہیں، امت مسلمہ کے لیے سب سے بڑا سرمایہ حضور ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہے، اگر ہم حضور ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں، تو معاشرہ امن و سکون، اخوت و محبت اور انصاف کا گہوارہ بن سکتا ہے،آج کے حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم سیرت النبی ﷺ کو اپنائیں، اور دین کی اصل روح کو دنیا کے سامنے پیش کریں، انہوں نے کہا کہ ولادتِ مصطفیٰ ﷺ صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ یہ دن انسانیت کی رہنمائی اور ہدایت کا دن ہے، اس لیے اس موقع پر ہمیں اپنی زندگیوں کا محاسبہ کرنا چاہیے، اور دیکھنا چاہیے کہ ہم کہاں تک تعلیماتِ نبوی ﷺ پر عمل کر رہے ہیں،کانفرنس سے صدر مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآباد عتیق احمد رضا نے بھی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ امسال ہم 1500 سالہ جشنِ ولادتِ رسول ﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہے ہیں، یہ موقع صرف جشن کا نہیں، بلکہ اس بات کا عہد کرنے کا ہے کہ ہم حضور اکرم ﷺ کی سیرت کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا محور بنائیں گے، میلادالنبی ﷺ ہمیں اتحاد، اخوت اور امن کا درس دیتا ہے،مرکزی سیرت کمیٹی کی یہ کوشش ہے کہ ہم اس جشن کو محض رسمی انداز میں نہ منائیں، بلکہ اس کو اصلاحِ معاشرہ اور امت کی بیداری کا ذریعہ بنائیں، انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کی سرزمین ہمیشہ سے عاشقانِ رسول ﷺ کا مرکز رہی ہے، اور یہاں کے شہریوں نے اس بار بھی جس جذبے اور محبت کے ساتھ جشنِ میلادالنبی ﷺ میں شرکت کی ہے، وہ تاریخ کا ایک روشن باب ہے، انہوں نے نوجوانوں، تاجروں، طلبہ اور خواتین کو اس پیغام کی طرف متوجہ کیا کہ سیرتِ رسول ﷺ ہی ہماری اصل کامیابی کا راستہ ہے، قومی سیرت کانفرنس کے اختتام پر ملک و ملت کی خوشحالی کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی، اور 12 ربیع الاول کے اس روح پرور اجتماع نے یہ پیغام دیا کہ جب تک عشقِ رسول ﷺ ہمارے دلوں میں زندہ ہے، ہم نہ صرف اپنی سرزمین، بلکہ کشمیر، فلسطین اور پوری امت مسلمہ کے ہر مظلوم بھائی کے ساتھ کھڑے ہیں۔