صوابی ،ٹریفک حادثات ،سٹیفانہر میں ڈوبنے سے 5افراد جاں بحق ،ریسکیو اہلکار سمیت 6زخمی

اتوار 7 ستمبر 2025 18:35

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)ضلع صوابی میں ٹریفک کے حادثات اور سٹیفانہر میں ڈوبنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ ریسکیو اہلکار سمیت چھ شدید زخمی ہوگئے ، پولیس تھانہ زیدہ کی رپورٹ کے مطابق زیدہ بائی پاس روڈ پر پک اپ گاڑی کی ٹکر سے نوجوان موٹر سائیکل سوار ضیاد سکنہ کھنڈہ جاں بحق جبکہ حمزہ علی سکنہ لکی مروت زخمی ہوگئے، پولیس تھانہ لاہور کی رپورٹ کے مطابق سبحان اللہ سکنہ جگناتھ نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ ایک نامعلوم فلائنگ کوچ کی ٹکر سے ان کا موٹر سائیکل سوار بیٹا ذاکر الدین جاں بحق جبکہ بھتیجا کامران الدین شدید زخمی ہوگئے ،صوابی ، بونیر روڈ پر فلائنگ کوچ کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار محمد نعیم سکنہ بینا میرہ طوطالئی بونیر جاں بحق ہو گیا ،جبکہ تھانہ کالو خان کی حدود میں کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار امیر آمان سکنہ طوطالء جان بحق جبکہ بیوی اور کمسن بیٹا احمد امان شدید زخمی ہوگئے ، سٹیفانہر میں ڈوبنے سے 9 سالہ بچہ فرقان سکنہ توحید آباد مانیری جاں بحق ہو گیا ،دریں اثنا ریسکیو کی ایمبولینس گاڑی کے حادثے میں ریسکیو اہلکار روح الامین سکنہ اسوٹا شریف شدید زخمی ہوگئے جبکہ ٹوپی شکرے کے مقام پر موٹر سائیکل کی ٹکر سے سترہ سالہ نوجوان جلال خان زخمی ہوگئے ۔