سی سی ڈی کی ماورائے عدالت کارروائیوں کو مستر د کرتے ہیں ‘ پنجاب کونسل

عدلیہ کی صورت میں انصاف کا نظام موجود ہونے کے باوجود سی سی ڈی کی کارروائیاںتشویش کا باعث ہیں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے 10ستمبر کو اجلاس طلب کیا ہے ‘ وائس چیئرمین اشفاق کہوٹ،چیئرمین ایگزیکٹو

اتوار 7 ستمبر 2025 18:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری محمد اشفاق کہوٹ اور چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل ذبیح اللہ ناگرہ نے حکومت کی جانب سے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی )کے قیا م کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ کی صورت میں انصاف کا نظام موجود ہونے کے باوجود سی سی ڈی کی کارروائیاںتشویش کا باعث ہیں، سی سی ڈی کا قیام غیر آئینی اور غیر قانونی ہے اور اس کی کارروائیوں کو ایکسٹرا جوڈیشل کلنگ سمجھتے ہیں،یہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے جسے فوری بند ہونا چاہیے اورعدالتوں کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ جزاوسزا کا اختیار سی سی ڈی نہیں بلک عدالتوں کا ہے ۔

وہ پنجاب بارکونسل کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بار کونسل کے الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے 10 اے اور 10 بی پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے،اسی ضمن میں جھنگ سیٹ کے امیدوار سید ضیا ء حسین کاظمی اورسرگودھا سیٹ سے عبدلقدیر جالب کو کھانا کھلانے پر نوٹس جاری کرکے طلب کر لیا گیا ہے اور لاہور بار کے امیدوار زاہد گل اورنوید حنیف کمبوہ کو ڈورٹوڈور ووٹ مانگنے پر نوٹس جاری کیے گئے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ 10ستمبر کو پنجاب بار کونسل میں ریٹرننگ آفیسر امجد پرویز کی صدارت میں پنجاب بار کونسل کے انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں پنجاب بھر سے امیدواراورڈسٹرکٹ بارز کے صدور شرکت کریں گے تاکہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔