Live Updates

ایگزیکٹو انجینئر ایریگیشن ہالا ڈویژن کا دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں اور حساس مقامات کا دورہ

اتوار 7 ستمبر 2025 18:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) ایگزیکٹو انجینئر ایریگیشن ہالا ڈویژن پیر صلاح الدین نے دریائے سندھ کے حفاظتی بند کے مختلف حساس مقامات کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے بھانوٹ اور ہالا پرانا کے قریب بند کے کمزور حصوں کو مضبوط بنانے کے کام اور "ٹی اسپر" پر جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیکنیکل افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر کام کی سخت نگرانی کریں، معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور غیر معیاری کام کرنے والے ٹھیکیدار کو فوری طور پر بلیک لسٹ کیا جائے۔

پیر صلاح الدین نے اسٹون پچنگ، ٹی اسپر کی مضبوطی اور محکمے کی جانب سے قائم لانڈھیوں کا بھی دورہ کیا اور کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بند کے چند تاریخی حساس مقامات کے علاوہ اس وقت صرف دو پوائنٹس ، بھانوٹ 7/135 اور ہالا پرانا 3/142 ــ کمزور نظر آ رہے ہیں، تاہم فکر کی کوئی بات نہیں کیونکہ 2010 کے سیلاب کے بعد نہ صرف دریائے سندھ کے کمزور حصوں کو مضبوط بنایا گیا بلکہ بند کی سطح کو تین فٹ بلند کیا گیا اور بھاری پتھر ڈال کر چوڑائی بھی بڑھائی گئی۔

مزید برآں، اس وقت بھی مختلف مقامات پر اسٹون پچنگ اور پتھروں کی بھرائی کا کام جاری ہے، جس سے بند پر پانی کے دباؤ میں واضح کمی آئی ہے۔ ایگزیکٹو انجینئر کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات پہلے ہی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :