Live Updates

Aسیلاب کی صورتحال‘سیکرٹری آبپاشی پنجاب (لاہور) واصف خورشید اور سپیشل سیکرٹری آبپاشی جنوبی پنجاب کنور اعجاز خالق رزاقی کا ملتان کے اہم فلڈ بندوں کا تفصیلی دورہ

اتوار 7 ستمبر 2025 19:05

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2025ء)سیلاب کی موجودہ اور ممکنہ صورتحال کے پیش نظر، سیکرٹری آبپاشی پنجاب (لاہور) واصف خورشید اور سپیشل سیکرٹری آبپاشی جنوبی پنجاب کنور اعجاز خالق رزاقی نے آبپاشی زون ملتان کے اہم فلڈ بندوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد حالیہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لینا، حفاظتی انتظامات کا معائنہ کرنا اور کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے محکمے کی تیاری کو یقینی بنانا تھا۔

دورے کے دوران وفد نے چناب فلڈ بند، فاضل شاہ فلڈ بند، نواب پور فلڈ بند، اکبر فلڈ بند، ہیڈ محمد والا، شیر شاہ فلڈ بند اور جلال پور خاکی فلڈ بند سمیت دیگر اہم مقامات کا معائنہ کیا۔ حکام نے حفاظتی اقدامات، مشینری کی موجودگی اور فیلڈ اسٹاف کی تعیناتی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

سپیشل سیکرٹری کنور اعجاز خالق رزاقی نے موقع پر موجود افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آبپاشی کی اولین ترجیح ہے کہ ہیڈ محمد والا برج، اکبر فلڈ بند اور شیر شاہ فلڈ بند جیسے حساس مقامات پر پانی کے بہاؤ کو محفوظ طریقے سے گزارا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ وقت مکمل چوکس رہنے کا ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔محکمہ آبپاشی کے حکام نے بتایا کہ تمام اہم مقامات پر ضروری مشینری پہنچا دی گئی ہے اور عملے کو ان کی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فیلڈ عملے کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور تمام افسران کو چوبیس گھنٹے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔محکمہ آبپاشی کا تجربہ کار عملہ تمام فلڈ بندوں کی مستعدی سے نگرانی کر رہا ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات