روس کی جانب سے زلزلہ زدہ افغانستان کے لیے مزید انسانی امداد روانہ

پیر 8 ستمبر 2025 08:40

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) روس نے زلزلے سے متاثرہ افغانستان کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کا دوسرا سامان روانہ کر دیا ہے۔ تاس کے مطابق روسی ایمرجنسی کی وزارت نے بتا یاکہ یہ امداد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ہدایات اور حکومت کے احکامات کے تحت بھیجی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایل-76 طیارہ 20 میٹرک ٹن سے زائد خیمے اور کمبل لے کر جھوکوفسکی ایئرپورٹ سے روانہ ہوا، جو ان متاثرین کے لیے ہیں جن کے گھر حالیہ شدید زلزلے میں تباہ ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ 31 اگست کو افغانستان کے مشرقی علاقے، ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں 6.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کا مرکز اسدآباد شہر سے 27 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔ زمین میں آنے والے شدید جھٹکوں سے متعدد بستیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، اس زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 2,200 سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ 3,600 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔