چین کی برآمدات میں 4.4 فیصد اضافہ ریکارڈ

پیر 8 ستمبر 2025 12:00

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) چین کی برآمدات میں رواں سال اگست کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 4.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاتاہم یہ اضافہ ماہرین کی توقعات سے کم رہا۔ اے ایف پی کے مطابق تازہ سرکاری اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ اگست کے دوران امریکی مارکیٹ میں برآمدات کم ہونے کے باوجود جنوب مشرقی ایشیا اور یورپی یونین کو چین کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعدادوشمار کے مطابق اگست میں امریکا کو برآمدات 11.8 فیصد ماہانہ اور 33.1 فیصد سالانہ کمی کے ساتھ گر گئیں، اس کے برعکس یورپی یونین کو برآمدات 10.4 فیصد اور آسیان ممالک کو 22.5 فیصد بڑھیں تاہم مجموعی برآمدات ماہرین کی جانب سے پیش گوئی کردہ 5.5 فیصد کے مقابلے میں کم رہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح درآمدات بھی پیش گوئی کے مطابق نہ بڑھ سکیں اور اگست میں سال بہ سال صرف 1.3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا جبکہ ماہرین نے 3.4 فیصد اضافے کا تخمینہ ظاہر کیا تھا۔

پن پوائنٹ ایسٹ مینجمنٹ کے صدر اور چیف اکانومسٹ ژیوی ژانگ نے کہا کہ برآمدات کو قبل از وقت تیز کرنے کا رجحان، جسے مزید ٹیرف سے بچنے کیلئے اپنایا گیا تھا، اب ختم ہوتا نظر آرہا ہے۔اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی ماہر اقتصادیات یوئے سو نے کہا کہ تجارتی انحراف واضح ہے اور اس کی بڑی وجہ سپلائی چین کی تنوع کاری ہے تاکہ زیادہ ٹیرف سے بچا جا سکے۔