ایران ،حزب اللہ منشیات فروخت کیلیے وینزویلا کو استعمال کر رہے ہیں، امریکہ

حزب اللہ سمگلنگ گروپ ٹرین ڈی آراگوا کیلئے منی لانڈرنگ میں ملوث ہے،ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن

پیر 8 ستمبر 2025 17:14

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء) بحیرہ کیریبین میں منشیات سے لدے ایک بحری جہاز پر امریکی حملہ وینزویلا میں ایران اور حزب اللہ کی منشیات کی بڑھتی ہوئی سلطنت کو ختم کرنے کی ایک وسیع مہم میں تازہ ترین قدم ہے۔امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے ایک ریٹائرڈ عہدیدار برائن ٹان سینڈ نے امریکی چینل کو بتایاکہ یہ منشیات کی تجارت میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف ایک فیصلہ کن ضرب تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ منی لانڈرنگ کرتی ہے اور ایسے نیٹ ورک فراہم کرتی ہے جو کارٹلز کو مشرق وسطی میں رقم بھیجنے میں مدد دیتے ہیں۔ٹان سینڈ نے مزید کہا کہ حزب اللہ ٹرین ڈی آراگوا جیسے منشیات سے متعلق دہشت گرد گروہوں کے لیے اہم فنانسر اور منی لانڈر بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

ٹان سینڈ نے وضاحت کی کہ ایران اور وینزویلا کے درمیان شراکت داری دونوں فریقوں کے لیے فائدہ مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے ساتھ ایران کی شراکت داری حزب اللہ کو وینزویلا میں کام کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ ایران حزب اللہ کے ذریعے محفوظ طریقے سے کام کر سکتا ہے جبکہ مادورو اور ان کے عہدیداروں کو بڑی رقم ملتی ہے، آخر کار ایران مادورو کا استعمال اور استحصال کرتا ہے اور مادورو اور ان کے دوست مالی طور پر فائدہ اٹھاتے ہیں۔امریکی حکام نے بتایا کہ امریکہ نے ٹرین ڈی آراگوا کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔ یہ تنظیم کارٹیل آف دی سنز کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے جو وینزویلا کے فوجی اشرافیہ کا ایک نیٹ ورک ہے جس پر حزب اللہ کے تعاون سے کوکین منتقل کرنے کا الزام ہے۔