آسٹریا کی برآمدات 3.1 فیصد کمی ، درآمدات میں اضافہ

برآمدات میں کمی بنیادی طور پر امریکہ اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ تجارت کی وجہ سے ہوئی،رپورٹ

پیر 8 ستمبر 2025 14:34

ویانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)آسٹریا کی رواں سال کی پہلی ششماہی میں برآمدات 3.1 فیصد کمی سے 94.17 ارب یورو جبکہ درآمدات 2.9 فیصد اضافہ سے 97.46 ارب یورو تک پہنچ گئیں۔عرب ٹی وی کے مطابق اسٹیٹسٹکس آسٹریا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 2025 کی پہلی ششماہی میں آسٹریا کی اشیا کی برآمدات کی مالیت 3.1 فیصد کمی کے ساتھ 94.17 ارب یورو رہی جبکہ اسی دوران درآمدات 2.9 فیصد اضافہ سے 97.46 ارب یورو تک پہنچ گئیں،اس طرح تجارتی خسارہ بڑھ کر 3.29 ارب یورو ہو گیا۔

اسٹیٹسٹکس آسٹریا کی ڈائریکٹر جنرل مانویلا لینک کے مطابق پہلی ششماہی میں آسٹریا کی بین الاقوامی تجارت مستحکم رہی، برآمدات میں کمی بنیادی طور پر امریکہ اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ تجارت کی وجہ سے ہوئی تاہم درآمدات میں سب سے زیادہ اضافہ بھی سوئٹزرلینڈ سے ہوا جو 74.4 فیصد رہا جبکہ چین سے درآمدات میں 13 فیصد اور جرمنی سے 1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اعداد و شمار کے مطابق امریکا کیلئے برآمدات میں 14.4، سوئٹزرلینڈ 11.5 اور فرانس کو برآمدات میں11.1 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی جبکہ اٹلی کو برآمدات میں 5.1 فیصد اور جمہوریہ چیک کو برآمدات میں 3.6 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔یورپی یونین سے درآمدات معمولی طور پر 0.3 فیصد بڑھ کر 63.92 ارب یورو تک پہنچیں جبکہ برآمدات 1.2 فیصد کمی سے 64.39 ارب یورو رہیں۔ یورپی یونین کے ساتھ مثبت تجارتی توازن 0.48 ارب یورو رہا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہے۔غیر یورپی ممالک کے ساتھ تجارت میں درآمدات 8.1 فیصد بڑھ کر 33.55 ارب یورو اور برآمدات 6.9 فیصد گر کر 29.78 ارب یورو تک محدود رہیں۔گزشتہ سال اسی عرصے میں آسٹریا نے 2.43 ارب یورو کا تجارتی سرپلس ریکارڈ کیا تھا جو اس بار خسارے میں بدل گیا۔