وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی زیر صدارت سب کیمپسز کی مستقل پائیداریت کے حوالے سے اجلاس

پیر 8 ستمبر 2025 23:05

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نےسب کیمپسز کی مستقل پائیداریت کے حوالے سے منعقدہ اعلی ٰسطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وائس چانسلر کے ہمراہ یونیورسٹی کے سینئرانتظامی وتدریسی افسران سمیت سب کیمپسز کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی اور تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس کے دوران ڈائریکٹرز نےاپنے کیمپسز کی آپریشنل صورتحال کے بارے میں تفصیلی اپ ڈیٹس پیش کیں اور جاری منصوبوں، چیلنجز اور ترقی کے مواقع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کیمپسز کو درپیش سخت مالی چیلنجز، بنیادی ڈھانچے، تعلیمی پروگراموں اور کمیونٹی کے ساتھ روابط کو بہتر بنانے کے لیے حکمت عملی پیش کی تاکہ کیمپسز تعلیم و ترقی کے متحرک مراکز کے طور پر برقرار رہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے ڈائریکٹرز اور عملے کو ٹیم ورک کے ذریعے کیمپسز کو درپیش سخت مالی مسائل کے حل کے لیے کام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ خطے میں معیاری تعلیم کی فراہمی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی کے مشن کو مضبوط کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔اس مقصد کے حصول کے لیے سب کیمپسز کے ڈائریکٹرز اور عملے کا کردار اہم ہے۔ ان کی محنت کیمپسز کے پائیدار اور خوشحال مستقبل کو تشکیل دینے میں کلیدی ہے۔اجلاس کا اختتام سب کیمپسز کی ترقی اور پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے غیر روایتی حکمت عملیوں کو نافذ کرنے اور وسائل حاصل کرنے کے عزم کے ساتھ ہوا۔

متعلقہ عنوان :