تیز ہوائوں کے ساتھ ہونے موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا ،نظام زندگی معطل

بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، کئی مقامات پر بارش کا پانی تجارتی مراکز کے تہہ خانوں،دکانوں ،گھروں میں داخل شاہراہوںپر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک بد ترین جام رہی ، بارش سے ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر رہا، گھنٹوں بجلی بند رہی

پیر 8 ستمبر 2025 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت دیگر مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا جس سے نظام زندگی معطل ہو گیا، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، کئی مقامات پر بارش کا پانی تجارتی مراکز کے تہہ خانوں،دکانوں اور لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا ، شاہراہوںپر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی جبکہ کئی مقامات پرگاڑیاں بند ہونے سے ٹریفک کا بد ترین جام رہی ، بارش سے ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا اور فیڈرز ٹرپ ہونے سے گھنٹوں بجلی بند رہی ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت دیگرمقامات پر سہ پہر کے وقت تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہو ئی ، تقریباً دو گھنٹے سے زائد وقت تک مسلسل ہونے والی بارش سے نشیبی علاقے زیرآ ب آ گئے ، کئی مقامات پربارش کا پانی تجارتی مراکز کے تہہ خانوں ، دکانوں اور لوگوںکے گھروںمیں داخل ہو گیا جس سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان خراب ہو گیا ۔

(جاری ہے)

بارش سے انارکلی بازار ،پیپر مارکیٹ ،سرکلر روڈ تالاب ،اردو بازار ،داتا دربار سے پلاسٹک دانہ مارکیٹ سرکلر روڈ ،پرانی مچھلی منڈی ،ہال روڈ مارکیٹ اسامہ سنٹر چوک سمیت دیگر تجارتی مراکز کئی کئی فٹ پانی میں ڈوبے رہے جس کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ۔

بارش کے باعث لاہور کی شاہراہیں بھی پانی میں ڈوب گئیں جس کی وجہ ٹریفک سست روی کا شکار رہی ، کئی مقامات پربارش کے کھڑے پانی میں گاڑیاں او رموٹر سائیکلیں بند ہوتی رہیں جس کی وجہ سے لوگ دھکا لگا کر ورکشاپ تک پہنچے ، اس دوران موبائل ورکشاپ والوں کی چاندی رہی جو گاڑیوں اورموٹرسائیکلیں سٹارٹ کرنے کے منہ مانگے دام وصول کرتے رہے ۔ شہر میں موسلا دھار بارش سے لیسکو کے 80 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور متعدد علاقوںمیں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔