فہیم الرحمن سہگل لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بلامقابلہ صدر منتخب

پیر 8 ستمبر 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) فہیم الرحمن سہگل لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ ان کی نامزدگی کی توثیق پیاف پائنیر پروگریسیو الائنس کے چیئرمین میاں انجم نثار اور لاہور چیمبر کے سابق صدر محمد علی میاں نے کی ۔فہیم الرحمن سہگل نے لاہور چیمبر میں ایک طویل اور کامیاب سیاسی و انتظامی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

وہ لاہور چیمبر کے نائب صدر اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے قائم مقام چیئرمین کی حیثیت سے بھی اپنے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ فہیم الرحمن سہگل صنعت و تجارت اور معیشت کے حوالے سے وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ مزید برآں تنویر احمد بلامقابلہ سینئر نائب صدر جبکہ خرم لودھی بلامقابلہ نائب صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

سیکریٹری جنرل شاہد خلیل نے کاغذات وصول کیے جبکہ الیکشن کمیشن کے اراکین نصراللہ مغل، یوسف شاہ اور چودھری محسن بشیر نے جانچ پڑتال کے بعد تینوں عہدیداروں کے بلامقابلہ انتخاب کا اعلان کیا کیونکہ مقابلے میں کسی اور امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے۔

یاد رہے کہ یہ تینوں نشستیں لاہور چیمبر کے موجودہ عہدیداروں کے ذاتی مصروفیات کے سبب مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں ، تاہم موجودہ عہدیدار 30ستمبر تک اپنے فرائض منصبی ادا کریں گے۔ فہیم الرحمن سہگل کا کہنا ہے کہ وہ چیمبر کے تمام ممبران کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں گے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ نئے عہدیداران یکم اکتوبر سے اپنے عہدے سنبھالیں گے۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر میاں انجم نثار، سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔