وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ایک لاکھ انویٹرز کو نیشنل انوویشن ایوارڈز دیئے گئے

منگل 9 ستمبر 2025 12:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو با اختیار بنانے ، جدت پرمبنی سٹارٹ اپس کو فروغ ، قومی اور بین الاقوامی شناخت دینے ، انٹرپرینیور شپ اور پائیدارترقی کے کلچر کی حوصلہ افزائی کےلئے ایک لاکھ انویٹرز کو نیشنل انوویشن ایوارڈز دیئے گئے ہیں جبکہ مالی سال 26-2025کے دوران نیشنل انوویشن ایوارڈز کےلئے 10کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

’’اے پی پی‘‘ کو دستیاب تفصیلات کے مطابق نیشنل انوویشن ایوارڈ کاروباری نوجوانوں کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ 8 موضوعاتی شعبوں سے متعلق اپنے اختراعی آئیڈیاز کو ایکو-انوویشن پر خصوصی توجہ کے ساتھ پیش کریں۔ ان 8 شعبوں کے علاقائی اور قومی سطح کے مقابلے ہوں گے۔منتخب آئیڈیاز اور ٹیمیں پرائیویٹ سیکٹر اور اسٹارٹ اپ انڈسٹری کے ساتھ کام کریں گی جبکہ منتخب ٹیموں اور آئیڈیاز کو سکالرشپ اور ٹریننگ بھی ملے گی۔

(جاری ہے)

یہ مقابلے سٹارٹ اپ کلچر کو فروغ دینے اور پائیدار اور سبز ملازمتیں پیدا کرنے میں مدد کرے گا۔ان مقابلو ں میں تحفظ خوراک،زراعت اور غذائیت، پائیدار فوڈ ایکو سسٹم،پانی کا انتظام اور پائیداری،آبپاشی، پانی کا تحفظ، فضلہ اور پانی کا انتظام ،موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات موسمیاتی تخفیف، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، میٹرو پیمانے پر آلودگی میں کمی، موسمیاتی ماڈلنگ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام،مصنوعی ذہانت، سائبرسکیورٹی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، بگ ڈیٹا، ٹیکنالوجی تک رسائی میں تفاوت، فائیو جی ،آئی سی ٹی کا استعمال کرتے ہوئے صحت کی دیکھ بھال،سوشیالوجی اور فلسفہ،فکری ورثہ، مادی ثقافت، کام اور خاندان کا مستقبل، سیاست، جنس، آبادی،شہری منصوبہ بندی،شہری جگہ اور زندگی کا تحفظ، دوسرے درجے کے شہروں کی منصوبہ بندی، نقل و حمل، فضلہ جمع کرنا،جدید طرز حکمرانی اور اصلاحات،سٹیزن سروسز، سٹیزن سکور کارڈز کے لیے ردعمل کے مقابلہ جات شامل ہیں ۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام نیشنل انوویشن ایوارڈز کے ذریعے نوجوانوں کو با اختیاراور برسرروزگار بنانے کےلئے پرعزم ہے ، نوجوان اس حوالے سے معلومات اور آگاہی کےلئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے آن لائن پورٹل ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اپنی رجسٹریشن کرائیں تاکہ انہیں ان کی اہلیت اور صلاحیت کے مطابق مواقع تک رسائی کا موقع مل سکے۔ \395