وزیر بننے کا مقصد فلسطینی قیدیوں کی زندگیاں خراب کرنا ہے، بن گویر کا اعلان

منگل 9 ستمبر 2025 13:27

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)غزہ کے فلسطینی اسیران کو اسرائیلی ریاست کی جیلوں میں معیاری خوراک سے محروم رکھنے کے خلاف اعلی عدالت کا حکم بھی وزیر برائے سلامتی امور بن گویر کی تنقید کے نشانے پر آگیا ہے۔ انتہا پسند یہودیوں کی نمائندگی کرنے والے ایتمار بین گویر نے عدالتی فیصلے کی بھی مذمت کرنا شروع کر دی۔

(جاری ہے)

یروشلم میں چھ اسرائیلیوں کی ہلاکت کے واقعے کے خلاف پریس کانفرنس کے دوران بین گویر نے اسرائیلی سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی مذمت کی ہے کہ فلسطینی قیدیوں کو جیلوں میں مناسب، غذائیت سے بھر پور اور معیاری خوراک دی جائے۔داخلی امور کے وزیر بین گویر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ابھی کل ہی دہشت گردوں اور قاتلوں کو مزید آسانیاں اور سہولتیں دینے کے لیے کہا ہے۔

لیکن میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ ایسا کبھی نہیں کریں گے۔ کم از کم ہماری نگرانی میں تو ایسا کبھی نہیں ہوگا۔ فلسطینی قیدیوں کی حالت وہی رہے گی جو ہے۔اس سے پہلے اسرائیلی ریاست کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے بھی اسی طرح کا رد عمل سپریم کورٹ کے فیصلے پر دیا اور کہا ہم کبھی بھی دشمنوں کی زندگی آسان نہیں ہونے دیں گے۔ جج بھی اس جنگ کا حصہ ہیں۔