متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 13.8 فیصد اضافہ

منگل 9 ستمبر 2025 14:00

متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 13.8 ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 13.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں یو اے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 1.308 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 13.8 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یو اے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 1.14 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ اگست میں یو اے ای سے ترسیلات زر کا حجم 642.9 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی میں 665.3 ملین ڈالر اور گزشتہ سال اگست میں 538.4 ملین ڈالر تھا۔

(جاری ہے)

اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں دوبئی سے ترسیلات زر کا حجم 893.6 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 998.6 ملین ڈالر کے مقابلے میں 0.6 فیصد کم ہے۔

اسی طرح ابوظہبی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 363.1 ملین ڈالر زرمبادلہ ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 238.3 ملین ڈالر کے مقابلے میں 52.4 فیصد زیادہ ہے۔ شارجہ میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 22.7 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی مدت کے 3.1 ملین ڈالر کے مقابلے میں 636 فیصد زیادہ ہے۔

یو اے ای کی دیگر ریاستوں میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 28.8 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 9.7 ملین ڈالر کے مقابلے میں 197.2 فیصد زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زر کا حجم 6.352 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 5.93 ارب ڈالر کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ ہے۔\932