قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں سیر ت النبی ؐ کانفرنس اور انٹر ڈیپارٹمنٹل نعتیہ مقابلے کا انعقاد

منگل 9 ستمبر 2025 23:02

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں انٹر ڈیپارٹمنٹل سیرت النبی ؐ کانفرنس اور نعتیہ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق نعتیہ مقابلہ وسیر تؐ کانفرنس کا انعقادکے آئی یو پرووسٹ آفس نے کیاتھا۔ اس اہم تقریب کے مہمان خصوصی وائزلائف گلوبل اکیڈمی کی جانب سے ڈائریکٹر شیخ احمد دباغ تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی سمیت یونیورسٹی کے سینئرانتظامی وتدریسی آفیسران اور طلباء کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ شیخ احمد دباغ اور پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے اپنے خطاب میں نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیرت النبیؐ ہمارے لیے مثالی زندگی کا بہترین نمونہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ حضور اکرمؐ کی تعلیمات اور عمل انسانیت کے لیے رہنما اصول ہیں جن کی پیروی سے ہم نہ صرف اپنی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ معاشرے میں بھی امن و محبت کا فروغ حاصل کر سکتے ہیں۔

ان سے قبل دیگر مقررین نے کہا کہ نبی ؐ پاک کی سیر ت سراپا قرآن ہے جس پر عمل ہی تمام مسائل کا حل ہے۔اس وقت امت اسلامیہ جن مسائل سے دوچا ر ہے اس کی اصل وجہ نبی ؐ پاک کی سیرت پر صحیح انداز میں عمل نہ کرنا ہے۔لہذا ہمیں نبی ؐپاک کی سیر ت کو اپنے لیے حقیقی معنوں میں نمونہ مانتے ہوئے عمل کرناہے۔انہوں نے کہاکہ جامعہ قراقرم تعلیم وتحقیق کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طلباء کو بہترین انداز میں تربیت اور نصابی سرگرمیوں کے مواقع بھی باہم پہنچاتی ہے۔

جس کا ثبوت سیر ت نبی ؐ کانفرنس اور نعتیہ مقابلے کا اہتمام ہے۔تقریب میں نعت خوانی کے مقابلے میں طلبہ نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس مقابلے میں سرفراز احمد ڈیپارٹمنٹ آف انگلش نے پہلی پوزیشن، مہدی حسن ڈیپارٹمنٹ آف آئی ٹی نے دوسری پوزیشن جبکہ فریحہ ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ سیرت کانفرنس میں اسوہ حسنہ کے موضوع پر گہرے علمی مباحثے بھی ہوئے۔

متعلقہ عنوان :