وزیر خان رند کی وفات سے بلوچستان کی سیاست میں ایک سنہری باب ختم ہوگیا، سردار اسلم بزنجو

منگل 9 ستمبر 2025 23:02

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء)بلوچستان کے بزرگ قوم پرست رہنما، بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو اور سردار عطا اللہ مینگل کے دیرینہ ساتھی وزیر خان رند کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ وزیر خان رند کی وفات سے بلوچستان کی سیاست میں ایک سنہری باب ختم ہوگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرحوم وزیر خان رند نے اپنی پوری زندگی بلوچ قوم پرست سیاست اور عوامی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ مشکل اور کٹھن حالات میں بھی وہ اپنی سیاسی وابستگی اور قوم دوست فکر سے پیچھے نہیں ہٹے۔ وہ ایک سچے، مخلص اور بااصول رہنما تھے جنہوں نے ہمیشہ وطن دوستی، قربانی اور جدوجہد کو اپنا شعار بنایاسردار اسلم بزنجو نے مزید کہا کہ وزیر خان رند کی رحلت نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری بلوچ قوم اور قوم پرست تحریک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان کی کمی برسوں تک محسوس کی جاتی رہے گی۔ دعا ہے اللہ تعالی مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل سے نوازے۔