یونیورسٹی آف سرگودھا میں ڈاکٹر وزیر آغا کی پندرہویں برسی کے موقع پر سیمینار کا انعقاد

بدھ 10 ستمبر 2025 23:21

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں نامور محقق، نقاد اور شاعر ڈاکٹر وزیر آغا کی پندرہویں برسی کے موقع پر ان کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت وزیر آغا چیئر کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد یار گوندل نے کی، جبکہ معروف علمی و ادبی شخصیات ڈاکٹر بدر منیر، ڈاکٹر یونس خیال اور ڈاکٹر محسن مگھیانہ نے مہمانانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

تقریب میں معروف علمی و ادبی شخصیات پروفیسر یوسف خالد، ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم، ممتاز عارف، ڈاکٹر شفیق آصف، ڈاکٹر داود راحت، ڈاکٹر عارف صدیق، ڈاکٹر طارق حبیب،نجمہ منصور اور ذوالفقار احسن نے ڈاکٹر وزیر آغا کی شاعری، نثر، تحقیق اور تنقید کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

مقررین نے ڈاکٹر وزیر آغا کو اُردو ادب کی ہمہ جہت شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاعری، تنقید اور تحقیق کے میدان میں نئی فکری جہات متعارف کروائیں۔

ان کی شاعری میں فلسفہ اور جدت کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے جبکہ انہوں نے غزل کے مقابلے میں نظم کو فوقیت دے کر اُردو شاعری میں بیانیہ اسلوب کو فروغ دیا۔ سیمینار کی نظامت ڈاکٹر سمیرا اعجاز اور ڈاکٹر مرتضیٰ حسن نے کی، جبکہ چیئرپرسن شعبہ اُردو پروفیسر ڈاکٹر نسیم عباس احمر نے بطور منتظم تقریب کا اہتمام کیا۔ آخر میں اساتذہ، طلبہ اور اہلِ قلم نے ڈاکٹر وزیر آغا کی علمی و ادبی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :