نیئرحسین بخاری کا وفاقی محکمہ جات سے ملازمین کی برطرفی پر تشویش کا اظہار

بدھ 10 ستمبر 2025 22:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز سید نیئر حسین بخاری نے وفاقی محکمہ جات سے ملازمین کی برطرفی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی محکموں سے ملازمین کی برطرفیوں پر نظر ثانی کرے ۔اپنے بیان میں نیر بخاری نے کہاکہ 15 سے 20 سال تک ملازمت کرنے والے ڈاکٹروں، اساتذہ اور نرسوں کو بے روزگار کرنا سنگین ناانصافی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں نیئر حسین بخاری نے کہاکہ بے روزگار شہری پی آئی ایم ایس، پولی کلینک اور وفاقی اسپتالوں میں خدمت عوام کر رہے تھے ،پیپلز پارٹی روزگار دیکر لوگوں کے چولہے جلاتی ہے،روزگار چھیننا گھروں کے چولہے بجھانے کے مترادف ہے،گھمبیر معاشی حالات میں 2000 افراد بے روزگار ہو جانا تشویشناک ہے۔ انہوںنے کہاکہ خورشید شاہ کمیٹی معاملہ پارلیمانی کمیٹیوں میں زیر بحث اور سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی شہریوں کے آئینی انسانی معاشی حقوق کیلئے اواز اٹھانے اور حقوق فراہمی یقینی بنانے والی جماعت ہے ۔