ایشیائی ترقیاتی بینک کو صحت سے متعلق حکمتِ عملی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، آئی ای ڈی

جمعرات 11 ستمبر 2025 13:42

ایشیائی ترقیاتی بینک کو صحت سے متعلق حکمتِ عملی میں بہتری لانے کی ضرورت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) ایشیا اور بحرالکاہل کے خطہ میں صحت کے بڑھتے ہوئے چیلنجوں سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کو اپنی صحت سے متعلق حکمتِ عملی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کے آزادانہ جائزہ سے متعلق ادارے آئی ای ڈی کی حالیہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ 2011 سے 2024 کے دوران ایشیا اور بحرالکاہل کے خطہ میں صحت کے شعبہ میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے جس میں بچوں اور مائوں کی اموات میں کمی اور حفاظتی ٹیکوں کی توسیع شامل ہیں تاہم اب ممالک کو غیر متعدی امراض میں اضافے، سب کے لیے سستی اور معیاری علاج کی بڑھتی ہوئی عوامی مانگ اور بڑھتی ہوئی عمر رسیدہ آبادی جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

کوروناوائرس کی عالمگیر وبا نے ان کمزوریوں کو مزید اجاگر کیا اور صحت کے نظام کو مضبوط اور جدید بنانے کی فوری ضرورت ہے ۔ آئی ای ڈی کے ڈائریکٹر جنرل ایمانوئیل جیمنیز نے بتایاکہ وبا کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک کی تیز رفتاری سے وسائل فراہم کرنے اور مختلف شعبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی صلاحیت نے اس کی موثر کارکردگی کو واضح کیا۔ اب وقت ہے کہ اس پیش رفت پر مزید کام کیا جائے۔ رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ بینک کوکو صحت کے شعبے میں اپنے کردار کو بڑھانے کے لیے ایک واضح اور تازہ حکمتِ عملی اپنانی چاہیے۔ اس حکمتِ عملی میں ممالک کی بہتر جانچ، عملی رہنمائی اور علم کے تبادلے کو شامل کرنا ہوگا تاکہ خطے میں صحت کے طویل مدتی نتائج کو بہتر بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :