Live Updates

ہری پور ، تحصیل کونسل کا اجلاس ، ترقیاتی فنڈز کی عدم فراہمی پر صوبائی حکومت پر شدید تنقید

جمعرات 11 ستمبر 2025 20:58

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) تحصیل کونسل ہری پور کا اجلاس ہوا جس میں ترقیاتی فنڈز کی عدم فراہمی پر کے پی کے کی صوبائی حکومت پر شدید تنقید کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل کونسل ہریپور کا اجلاس زیر صدارت کنوینئر خان زیب منعقد ہوا، جس میں مختلف اہم مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل چیئرمین سمیع اللہ خان نے کہا کہ وہ ہر ممکن طریقے سے اپنے ممبران کے حقوق کا دفاع کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تنقید کرنا آسان ہے لیکن محدود وسائل میں ادارے کو چلانا ایک مشکل عمل ہے۔ اگر ضرورت پیش آئی تو محفلِ میلاد کا انعقاد ذاتی فنڈ سے بھی کرنے کو تیار ہوں۔تحصیل چیئرمین سمیع اللہ خان نے صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ تاریخ کا بدترین امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تحصیل ممبر وی سی شاہ محمد، سمیع اللہ خان نے سیلاب زدگان کی بحالی، افغان مہاجرین کی وطن واپسی اور ملک میں مقیم افغان باشندوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا مطالبہ کیا۔ عبدالرشید تنولی نے بھی محفل میلاد کے انعقاد کا مطالبہ کیا اور کونسل کے اجلاسوں میں شائستگی اور رواداری برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔حاجی غلام جان تنولی نے خان برادران کی جانب سے انجام دیے گئے ترقیاتی کاموں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا، جب کہ ممبر لیاقت حیات نے ڈینگی وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے تدارک کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

اجلاس کے اختتام پر تحصیل ممبر نادر خان کی ممانی کی وفات، شہدائے پاک آرمی، اور حالیہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات