آزاد جموں و کشمیر اسٹیئرنگ کمیٹی برائے اقوامِ متحدہ پائیدار ترقیاتی فریم ورک کا پہلا اجلاس

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:01

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات حکومتِ آزاد جموں و کشمیر میں اقوامِ متحدہ پائیدار ترقیاتی فریم ورک (UNSDCF 2023-2027) کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات عاطف الرحمن نے کی۔ اجلاس میں اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر (UNRC)محمد یحییٰ نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں اقوامِ متحدہ کی ایجنسیوں کی آزاد جموں و کشمیر میں جاری شراکتی سرگرمیوں اور تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر نے آزاد جموں و کشمیر میں ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے جاری منصوبوں اور اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوامِ متحدہ آئندہ بھی حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ قریبی تعاون اور بھرپور معاونت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں مختلف محکموں کے نمائندگان اور اقوامِ متحدہ کی ایجنسیوں کے حکام نے شرکت کی اور پائیدار ترقی، سماجی و معاشی بہتری، تعلیم، صحت اور ماحولیات کے شعبوں میں مشترکہ حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ حکومتِ آزاد جموں و کشمیر اور اقوامِ متحدہ کے ادارے مل کر UNSDCF (2023-2027) کے تحت ترقیاتی ترجیحات کو مزید مؤثر بنائیں گے تاکہ خطے کی عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچائے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :