سرویکل کینسرسے بچیوں کو محفوظ رکھنےکیلئے والدین کے ساتھ ساتھ ہر مکاتب فکر کے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ڈپٹی کمشنرمیرپور خاص

جمعرات 11 ستمبر 2025 21:25

میرپور خاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) سرویکل کینسرسے بچیوں کو محفوظ رکھنےکیلئے والدین کے ساتھ ساتھ ہر مکاتب فکر کے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔یہ بات ڈپٹی کمشنرمیرپور خاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے ممبر صوبائی اسمبلی ہری رام کشوری لال اور مئیر عبدالرؤف غوری کے ہمراہ کمشنر کمیٹی ہال میں محکمہ صحت کی جانب سے 15 سے 27 ستمبر 2025 تک 9 سے 14 سال تک کی بچیوں کو سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کے متعلق آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت حکومت سندھ کی جانب سے معصوم بچیوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے سندھ بھر میں ویکسینیشن مہم کا پروگرام بنایا ہے جس کو کامیاب بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سندیپ کمار اور سیکریٹری ڈسٹرکٹ اسٹیرنگ کمیٹی HPV ڈاکٹر نارائن داس نے بتایا کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کی 1 لاکھ 24 ہزار 562 بچیوں کو سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگانےکا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں118 ٹوٹل ٹیمیں، 7 موبائل ٹیمیں، 96 آؤٹ ریچ ٹیمیں اور 15 فکسڈ سائیٹس تشکیل دی گئی ہیں۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز، ضلعی انتظامیہ ،سول سوسائٹی، علماء کرام اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔\378