ًمسلم باغ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام میونسپل کمیٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

-عوامی فلاح و بہبود کے فنڈز میں شدید کرپشن کی جا رہی ہے، غیر جمہوری اور ناانصافی پر مبنی طرز عمل کی مذمت کرتے ہیں ، مقررین

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:05

o مسلم باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام میونسپل کمیٹی مسلم باغ کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو شہر بھر میں گشت کرنے کے بعد ایک احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ مظاہرے سے ضلعی صدر حاجی دارا خان جوگیزئی، جنرل سیکرٹری نقیب پامیر، ثقافتی سیکرٹری سردار ادریس خان، آفس سیکرٹری حاجی داد خان، کونسلر حاجی نعمت جوگیزئی، عتیق الرحمن اور رحمت خان نے خطاب کیا۔

مقررین نے اپنے خطابات میں چیئرمین میونسپل کمیٹی اور چیف آفیسر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی ملی بھگت سے عوامی فلاح و بہبود کے فنڈز میں شدید کرپشن کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین اپنے حمایت یافتہ اور مراعات یافتہ کونسلرز کو نوازنے کے لیے دیگر منتخب کونسلرز کو ان کے حق سے محروم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے میونسپل کمیٹی میں تین جنرل کونسلر اور ایک مخصوص نشست پر خاتون کونسلر موجود ہیں، جنہیں دانستہ طور پر نظر انداز کر کے ان کے حلقہ جات میں ترقیاتی کاموں کو روکا جا رہا ہے، جو کہ غیر جمہوری، غیر آئینی اور عوام دشمن طرز عمل ہے۔

مقررین نے مزید الزام لگایا کہ کونسلرز سے حاضری شیٹ پر دستخط لے کر بعد ازاں ان دستخطوں کو بجٹ کی منظوری کے طور پر پیش کیا گیا، جو صریح جعل سازی ہے۔انہوں نے کہا کہ کونسلرز ہی نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لیے سرگرم کردار ادا کرتے ہیں اور ان سے عوام کی براہِ راست رسائی ہوتی ہے، مگر میونسپل کمیٹی کا موجودہ رویہ ان کی کاوشوں کو سبوتاژ کر رہا ہے۔اس موقع پر مقررین نے قلعہ سیف اللہ، بالخصوص مسلم باغ میں جاری مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے، جبکہ کیسکو حکام عوام کو مختلف حیلوں بہانوں سے تنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور عوام دشمن پالیسیوں کا خاتمہ کیا جائی