صوبائی وزیر فضل حکیم سے ڈی جی فشریز کی ملاقات، ماہی پروری معیشت کا مضبوط ستون بنے گی، وزیر فشریز خیبرپختونخوا

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی سے اُن کے دفتر پشاور میں نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل فشریز محمد شفیع مروت نے ملاقات کی۔محکمہ لائیو اسٹاک خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اس موقع پر ڈائریکٹر فشریز (فاٹا) الیاس خٹک بھی موجود تھے۔

ملاقات میں محکمہ فشریز کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، عوامی مفاد کے اقدامات اور ادارے کی شفافیت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل فشریز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ فشریز کو مزید کرپشن سے پاک اور عوامی خدمت کا حقیقی ادارہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے میں مثبت تبدیلی، شفاف نیلامیوں اور ترقیاتی اقدامات کے ذریعے نہ صرف کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ عوامی اعتماد کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

فضل حکیم خان یوسفزئی نے اس موقع پر بتایا کہ محکمہ فشریز کی جانب سے ڈیموں میں مچھلیوں کی شفاف نیلامیوں کے نتیجے میں گزشتہ برس کے مقابلے میں نمایاں آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ تاندہ ڈیم کوہاٹ میں مچھلیوں کی نیلامی پچھلی بار 80 لاکھ روپے میں ہوئی تھی، جو اس سال بڑھ کر 2 کروڑ 40 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔ اسی طرح زمیر گل ڈیم کوہاٹ میں مچھلیوں کی نیلامی 25 لاکھ کے مقابلے میں اس سال ایک کروڑ 26 لاکھ روپے میں کی گئی۔

جب کہ درملک ڈیم کوہاٹ میں مچھلیوں کی نیلامی پچھلی بار 15 لاکھ میں ہوئی تھی اوراس بار 36 لاکھ روپے میں نیلامی ہوئی۔ پشاور کے ازاخیل ڈیم میں مچھلیوں کی نیلامی پچھلی بار 14 لاکھ میں ہوئی تھی، جو اس سال 67 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں ماہی پروری کا شعبہ صوبے کی معیشت میں ایک مضبوط ستون بن کر ابھرے گا اور عوامی اعتماد کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔