لاہور: باٹا پور سبزی منڈی میں فائرنگ سے نوجوان پر جاں بحق

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) باٹا پور کے علاقے جلو موڑ سبزی منڈی میں نوجوان کو راستہ بند کرنے سے منع کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق مقتول عمران نے واجد، عرفان، عمران اور شکیل کو مارکیٹ کے راستے میں ریڑھیاں لگانے سے روکنے کی کوشش کی، جس پر تلخ کلامی کے بعد ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں عمران موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اندھی گولی لگنے سے ایک کم سن بچی زخمی ہو گئی۔

(جاری ہے)

مقتول کے لواحقین نے جلو موڑ پر احتجاجی دھرنا دیا اور سڑک بلاک کر دی۔ تقریباً پانچ گھنٹے بعد پولیس کی یقین دہانی پر کینال روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ منتقل کر دیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزمان اور مقتول کے درمیان ایک سال قبل بھی جھگڑا ہوا تھا، جس دوران ملزمان نے مقتول کی مارکیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی اور عمران نے اس حوالے سے مقدمہ درج کروا رکھا تھا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔