جیکب آباد، سرویکل کینسر ویکسینیشن کے متعلق عوام میں آگاہی کے لیے ریلی نکالی گئی

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:24

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء) سرویکل کینسر ویکسینیشن کے متعلق عوام میں آگاہی کے لیے ریلی نکالی گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے تعلقہ اسپتال کی جانب سے سرویکل کینسر کی ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں آگاہی ریلی نکالی گئی ریلی کی قیادت پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ماہ نور انور، ایم ایس تعلقہ اسپتال ڈاکٹر عبدالرشید نوناری، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ایم این سی ایچ ڈاکٹر منیر احمد سومرو، ای پی آئی ڈی ایس وی عبدالشکور، ٹی ایس وی زین العابدین، لیڈی ہیلتھ سپر وائزر صفیہ اور نسیم نے کی اس موقع پر 80 لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں ملازمین اور سماجی کارکنان نے شرکت کی، ریلی کا آغاز تعلقہ اسپتال ٹھل سے ہوا اور شرکاء نے ایک کلو میٹر پیدل چل کر رہبر چوک تک مارچ کیا، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہ نور انور نے کہا کہ سرویکل کینسر ایک خطرناک مرض ہے جس سے بچاؤ ممکن ہے بروقت ویکسینیشن سے خواتین کی زندگیاں محفوظ بنائی جاسکتی ہیں، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرشید نوناری نے کہا کہ عوام خصوصاً والدین اپنی بچیوں کو ویکسین لگوانے میں تعاون کریں تاکہ مستقبل کی نسل کو اس مرض سے بچایا جاسکے، ڈاکٹر منیر احمد سومرو نے کہا کہ حکومت اور محکمہ صحت کی کوشش ہے کہ دیہی و شہری علاقوں میں یکساں طور پر آگاہی پہنچائی جائے، ای پی آئی آفیسر عبدالشکور نے کہا کہ صحت مند معاشرہ ہی ترقی کی ضمانت ہے اس لیے ہر فرد کو ویکسینیشن کے عمل میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :