صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ پختون یار خان کا عمان میں 6 ستمبر کو ماہی گیروں کی کشتی کے حادثے پر افسوس

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے عمان میں 6 ستمبر کو ماہی گیروں کی کشتی کے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ یہ دل خراش واقعہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے بنوں کے عوام اور ہم سب کیلئے ایک بڑا سانحہ ہے انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں ان کے حلقہ پی کے 100 بنوں کے علاقے خوجڑی کے رہائشی بھی شامل ہیں جو سمندر میں ماہی گیری کے دوران کشتی ڈوبنے سے لاپتہ ہوئے اب تک ان افراد کی تلاش جاری ہے انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈا پور وفاقی حکومت، متعلقہ حکام اور سفارتی نمائندوں سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جاسکے پختون یار خان نے واضح کیا کہ خوجڑی قوم کے دکھ اور تکلیف میں ہم برابر کے شریک ہیں اور اس کٹھن گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں خوجڑی قوم کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ہمیں قابل قبول ہوگا ہم ہر حال میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے انہوں نے کہا کہ یہ دکھ صرف متاثرہ خاندانوں تک محدود نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ دکھ ہے ہم خدا سے دعا گو ہیں کہ لاپتہ افراد کو بحفاظت واپس لے آئے اور غمزدہ گھرانوں کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے۔