آسان خدمت سنٹر میں شہریوں کو 100 سے زائد خدمات فراہم کی جائیں گی، وفاقی وزیر

خدمت مرکز میں ایف بی آر، سی ڈی اے، اسلام آباد پولیس سمیت 10 سے زائد ڈپارٹمنٹس اس میں شامل ہوں گے، احد چیمہ

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق آذربائیجان کے ماڈل پر پہلا آسان خدمت سینٹر اسلام آباد میں بنے گا اور پوری کوشش ہوگی کہ 90 روز میں اس کا باقاعدہ افتتاح کیا جاسکے جہاں شہریوں کو 100 سے زائد خدمات فراہم کی جائیں گی۔ وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق وفاقی وزیر احد چیمہ کی صدارت میں آسان خدمت مرکز کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں وزارت آئی ٹی، سی ڈی اے سمیت دیگر اداروں نے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

احد چیمہ نے کہا کہ آسان خدمت مرکز میں شہریوں کو 100 سے زائد خدمات فراہم کی جائیں گی، ایف بی آر، سی ڈی اے، اسلام آباد پولیس سمیت 10 سے زائد ڈپارٹمنٹس اس میں شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وزارت خارجہ کی سروسز بھی اس میں شامل کی جائیں اور آذربائیجان کی حکومت اس میں ہمیں مکمل تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ اسلام آباد میں پی ڈبلیو ڈی کی عماعت میں اس سینٹر کو بنانے کی تجویز زیرغور ہے اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ ہفتے حتمی تجاویز دیں تاکہ اس پر جلد از جلد کام شروع ہو۔