Live Updates

رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ کایونین کونسل نیا میانہ پورہ اور اقبال ٹاؤن کا دورہ ،ڈسپوزل سٹیشن کا معائنہ کیا

ہفتہ 13 ستمبر 2025 15:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے یونین کونسل نیا میانہ پورہ اور اقبال ٹاؤن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اقبال ٹاؤن میں عرصہ دراز سے بند پڑے ڈسپوزل سٹیشن کا معائنہ کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی نے موقع پر موجود ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا انجینئر سلمان احمد کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کی بحالی کے لیے فوری طور پر فزیبیلٹی رپورٹ تیار کی جائے تاکہ اس سٹیشن کو دوبارہ فعال کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسپوزل سٹیشن شہری آبادی کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے، اس کے فعال ہونے سے شہریوں کو اربن فلڈنگ جیسے سنگین مسائل سے بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں ایسے منصوبوں کی بروقت بحالی نہ صرف شہریوں کو مشکلات سے محفوظ رکھتی ہے بلکہ شہری انفراسٹرکچر کو بھی بڑے نقصان سے بچاتی ہے۔

(جاری ہے)

محمد منشاء اللہ بٹ نے اپنے دورے کے دوران نالہ بھیڈ کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ حالیہ سیلاب کے دوران جہاں نالے کے کناروں کو نقصان پہنچا ہے وہاں فوری مرمت کا کام شروع کیا جائے تاکہ دوبارہ بارش یا سیلابی صورتحال میں عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے واسا حکام پر زور دیا کہ وہ سینی ٹیشن کے انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دیں اور اس نظام کی مکمل بحالی کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے موثر نظام کے بغیر شہری مسائل حل نہیں ہو سکتے، اس لیے اس شعبے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر مہر ذوالفقار اور ایس ڈی او جہانگیر بٹ بھی موجود تھے ،جنہوں نے رکن صوبائی اسمبلی کو نکاسی آب کے حوالے سے جاری کاموں اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات