فیصل آباد ریلوے اسٹیشن میں وینڈنگ اسٹالز و پارکنگ اسٹینڈز کی نیلامی کاانعقاد

ہفتہ 13 ستمبر 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن کے تحت فیصل آباد ریلوے اسٹیشن میں وینڈنگ اسٹالز اور پارکنگ اسٹینڈز کی شفاف نیلامی منعقد کی گئی، جس میں فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ اور چک جھمرہ کے اسٹالز اور پارکنگ پوائنٹس شامل تھے۔ترجمان کے مطابق اس نیلامی سے ریلوے کو ایک سال کے دوران 94 لاکھ 4 ہزار روپے ریونیو حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

نیلامی کا عمل ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے عدنان مروت اور ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر عبدالرحمان کی نگرانی میں مکمل ہواجبکہ اسسٹنٹ آپریٹنگ آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر جواد لیاقت اور شعبہ اکائونٹس کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ترجمان کے مطابق اسٹالز اور پارکنگ اسٹینڈز کی نیلامی کا سلسلہ مرحلہ وار جاری رہے گا تاکہ مزید آمدنی حاصل اور مسافروں کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے ویژن کے تحت شعبہ کمرشل اور لینڈ میں مزید نیلامیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ریلوے کی آمدنی میں اضافہ ہو اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔