صوبائی حکومت کا مقصد ہر سطح پر انصاف کی فراہمی، میرٹ پر فیصلے اور عوامی فلاح کو یقینی بنانا ہے،فضل حکیم خان

ہفتہ 13 ستمبر 2025 21:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے اپنے حجرہ مکانباغ مینگورہ میں مختلف وفود اور شہریوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہریوں نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل اور مشکلات سے اگاہ کیا جنہیں صوبائی وزیر نے نہایت غور سے سنا اور فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔

صوبائی وزیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت، شفافیت اور مسائل کا بروقت حل پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے بنیادی منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مقصد ہر سطح پر انصاف کی فراہمی، میرٹ پر فیصلے اور عوامی فلاح کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات اور فوری ریلیف مہیا ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم کے ذریعے ہمارا مقصد یہ ہے کہ عوام براہ راست اپنے مسائل ہمیں پہنچائیں، تاکہ فوری طور پر ان کا ازالہ کیا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ہمیشہ عوامی مفاد کو مقدم رکھا ہے اور اسی وژن کے تحت صوبے کے عوام کی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا منشور شفافیت، میرٹ اور عوامی خدمت پر مبنی ہے اور ان اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی حقیقی تبدیلی ممکن ہے۔