ْارباز بنا کچھ کہے چلے گئے اور پھر واپس نہیں آئے، گئے ہوئے پانچ سال ہوچکے ہیں ، خوشبو خان

دونوں بیٹے پاس ہیں اور ان میں انہیں ارباز خان کی جھلک نظر آتی ہے، اداکارہ کی انٹر ویو میں گفتگو

اتوار 14 ستمبر 2025 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)ماضی کی بولڈ اور مقبول فلمی ہیروئن خوشبو خان نے سالوں سے گردش کرتی ارباز خان سے علیحدگی کی خبروں پر لب کشائی کرتے ہوئے اپنی زندگی کے مشکل لمحات اور رشتے کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔خوشبو خان نے حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو میں اپنی زندگی کے مشکل لمحات اور ارباز خان کے ساتھ تعلقات پر کھل کر گفتگو کی۔

اداکارہ نے کہا کہ ارباز خان ان کے لیے سب کچھ تھے لیکن جب بھی انہیں کسی مشکل وقت میں ان کی ضرورت پڑی تو وہ ان کے ساتھ نہیں تھے۔خوشبو خان کے مطابق ارباز خان سے ان کا کوئی جھگڑا یا لڑائی نہیں ہوئی، وہ بنا کچھ کہے چلے گئے اور پھر واپس نہیں آئے، انہیں گئے ہوئے پانچ سال ہوچکے ہیں لیکن آج بھی ان کی یادیں ان کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دونوں بیٹے ان کے پاس ہیں اور ان میں انہیں ارباز خان کی جھلک نظر آتی ہے۔

خوشبو خان نے شکوہ کیا کہ گزشتہ چھ ماہ وہ گھر میں اکیلی رہیں لیکن کسی نے ان کی خیریت تک دریافت نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ ارباز خان سے فلم میں کام کے دوران محبت ہوئی، تین سال تک تعلق رہا جس کے بعد شادی ہوئی اور شادی کے بعد یہ محبت عشق میں بدل گئی۔اداکارہ کے مطابق افسوس کی بات یہ ہے کہ شادی کے دن ہی ارباز خان نے انہیں بلاک کردیا، حالانکہ وہ سالگرہ کے موقع پر ان سے مبارکباد کی امید لگائے بیٹھی تھیں لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔خوشبو خان نے مزید کہا کہ اگر وہ بیوی ہوتیں تو ایک بہترین گھریلو خاتون ثابت ہوتیں کیونکہ انہوں نے بیوی اور ماں کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ہمیشہ محبت اور احتیاط سے نبھائیں۔انٹر ویو کے دوران انہوں نے طلاق کی واضح تصدیق نہیں کی۔

متعلقہ عنوان :