لاہور،جنرل ہسپتال میں منکی پاکس کے مریض کے لیے اعلی سطحی میڈیکل بورڈ تشکیل

جمعہ 19 ستمبر 2025 15:15

لاہور،جنرل ہسپتال میں منکی پاکس کے مریض کے لیے اعلی سطحی میڈیکل بورڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل کی منظوری سے جنرل ہسپتال میں زیر علاج منکی پاکس کے مریض کی مسلسل دیکھ بھال اور علاج کےلئے اعلی سطحی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فریاد حسین کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بورڈ کی سربراہی ہیڈ آف ڈرماٹولوجی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر عاطف شہزاد کریں گے۔

(جاری ہے)

دیگر اراکین میں پروفیسر ڈاکٹر عاکف دلشاد گیسٹرو انٹرولوجی، پروفیسر ڈاکٹر خرم سلیم میڈیکل یونٹ 3، پروفیسر ڈاکٹر نازش ثقلین پیتھالوجی اور ڈاکٹر عدنان مسعودایڈیشنل ایم ایس شامل ہیں۔ بورڈ روزانہ کی بنیاد پر مریض رحمت علی کا طبی معائنہ کرکے ایم ایس کو رپورٹ پیش کرے گا۔ایم ایس نے ہسپتال میں انفیکشن کنٹرول کے تمام ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے علاج پر مامور عملے کو حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔ مریض کو حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔