Live Updates

متاثرہ حب کینال کے حصے کا مرمتی کام 72 گھنٹوں کی قلیل مدت میں کامیابی کے ساتھ مکمل ،کینال کو دوبارہ فعال بنا دیا گیا

اتوار 14 ستمبر 2025 17:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)ترجمان واٹر کارپوریشن نے کہا ہے کہ متاثرہ حب کینال کے حصے کا مرمتی کام 72 گھنٹوں کی قلیل مدت میں کامیابی کے ساتھ مکمل کرکے کینال کو دوبارہ فعال بنا دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ مرمتی کام بغیر کسی وقفے کے دن رات مسلسل جاری رہا تاکہ شہریوں کو درپیش پانی کی قلت کا جلد از جلد خاتمہ کیا جا سکے اور متاثرہ علاقوں میں بروقت پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

ترجمان نے کہا کہ مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد رائزنگ مین اور لائنوں کو چارج کرنے کا عمل جاری ہے اور جیسے ہی لائنیں مکمل طور پر چارج ہوں گی تو ضلع وسطی، غربی اور کیماڑی میں پانی کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ حالیہ شدید بارشوں، پہاڑوں سے آنے والے پانی اور ناردرن بائی پاس سے گزرنے والے بڑے سیلابی ریلے کے باعث حب کینال کو نقصان پہنچا تھا جس کے نتیجے میں شہر میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے شہریوں سے پانی کی فراہمی میں تعطل کے باعث پیش آنے والی مشکلات پر معذرت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ واٹر کارپوریشن پانی کی فراہمی کو مکمل طور پر معمول پر لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے تاکہ شہریوں کو مزید کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :