‘لاہور ہائیکورٹ‘عدالتی حکم کے باوجود خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کیخلاف درخواست نہ نمٹانے پرتوہین عدالت کیس کی سماعت آج ہوگی

اتوار 14 ستمبر 2025 18:00

ُلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2025ء)لاہور ہائی کورٹ میںعدالتی حکم کے باوجود خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کیخلاف درخواست نہ نمٹانے پرتوہین عدالت کیس کی سماعت آج پیر کوکرے گی عدالت پہلے ہی چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ کوذاتی حیثیت میں طلب کرچکی ہے سابقہ سماعت کے دوران، عدالت نے چیئرمین نیب کو مکمل ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیاتھا۔

لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کریں گے،سابقہ سماعت پر درخواست گزار احسن عابد ایڈووکیٹ چیف جسٹس کی عدالت میں پیش ہوئے تھے، اور مؤقف اپنایا کہ خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت نے ناجائز اثاثے بنائے، نیب کو انکوائری کے لیے درخواست دی، عدالتی حکم کے باوجود خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کیخلاف درخواست نہیں نمٹائی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالتی حکم عدولی پر چئیرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ کیخلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ نیب کی جانب سے کون پیش ہوا ہی سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ نیب کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا۔بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی تھی۔