نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیرِ خارجہ سے ملاقات، اسرائیل کے قطر اور دیگر مسلم ممالک پر بلااشتعال حملوں کی مذمت

اتوار 14 ستمبر 2025 20:00

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہنگامی عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اسرائیل کے قطر اور دیگر مسلم ممالک پر بلااشتعال حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات خودمختاری، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

دونوں فریقین نے اس موقع پر مسلم امہ کو متحد کرنے میں عرب لیگ اور اسلامی تنظیم تعاون (او آئی سی) کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔