Live Updates

صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق عوامی مسائل کے پائیدار حل کیلئے پرعزم ہے،فضل حکیم

اتوار 14 ستمبر 2025 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹو فضل حکیم خان نے اللہ اکبر کالونی سیدو شریف کا دورہ کیا اور علاقہ مکینوں کی جانب سے منعقدہ جرگے میں شرکت کی۔ جرگہ مشران نے صوبائی وزیر کو اللہ اکبر کالونی سیدو شریف میں گلی کوچوں میں تجاوزات، چھوٹے رابطہ پل کی وجہ سے بارش اور سیلاب کے دوران گھروں میں پانی داخل ہونے ، پل کو بڑا کرنے کی ضرورت سمیت دیگر بنیادی عوامی مشکلات سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر نے ان کے مسائل غور سے سنے اور یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کے حل کے لیے جلد اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس موقع پر چیئرمین حبیب اللہ خان سمیت معززین علاقہ بڑی تعداد میں شریک تھے۔ فضل حکیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق عوامی مسائل کے پائیدار حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پُرعزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی جرگے صوبائی حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کا بہترین ذریعہ ہیں اور یہ عوامی شمولیت کی وہ عملی مثال ہیں جو ہماری صوبائی حکومت کے وژن اور منشور کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کو فرض سمجھ کر جرگے میں پیش کیے گئے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ علاقے کے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات