کرک میں پولیس کے ساتھ مقابلہ میں قتل، اقدام قتل،بھتہ خوری سمیت دیگرسنگین وارداتوں میں انتہائی مطلوب بدنام زمانہ اشتہاری مارا گیا

اتوار 14 ستمبر 2025 20:10

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)کرک میں پولیس کے ساتھ مقابلہ میں قتل‘ اقدام قتل ‘بھتہ خوری سمیت دیگرسنگین وارداتوں میں انتہائی مطلوب بدنام زمانہ اشتہاری مارا گیا۔ پولیس اور دیگر ذرائع کے مطابق اتوار کے روز کرک پولیس سٹیشن سٹی نے خفیہ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او سٹی پولیس کی قیادت میں نواحی علاقہ ڈب سنگینی میںبدنام زمانہ اشتہاری مجرم فضل کریم کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں ملزم اور اس کے ساتھیوںنے پولیس دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

(جاری ہے)

پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں اشتہاری مجرم فضل کریم عرف ’کاکا ‘ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ملزم پولیس کو بھتہ خوری سمیت متعدد سنگین جرائم میں عرصہ دراز سے مطلوب تھا جس کی گرفتاری کے لئے کئی بار چھاپے مارے لیکن وہ ہمیشہ بچ نکلتا تھاجبکہ اتوار کے روز آخرکارپولیس کے ساتھ مقابلہ میں اپنے انجام کو پہنچ گیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ملزم قتل‘ اقدام قتل‘ پولیس پر حملوں‘ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں پولیس کے چھ مقدمات میں مطلوب تھا۔