محکمہ صحت بلوچستان نے بلوچستان بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی 30سے زائد امراض کی اسکریننگ مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا

اتوار 14 ستمبر 2025 20:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء) محکمہ صحت بلوچستان نے بلوچستان بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی 30سے زائد امراض کی اسکریننگ مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے اتوار کو ایڈیشنل سیکرٹری صحت بلوچستان ثاقب کاکڑ،صوبائی کوارڈی نیٹر بلوچستان ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم ڈاکٹر بابکر بلوچ ، صوبائی منیجر ٹی بی کنٹرول پروگرام بلوچستان ڈاکٹر شیرافگن رئیسانی نے سنٹرل جیل کوئٹہ(ہدہ جیل) میں قائم میڈیکل اسکریننگ کیمپ کا معائنہ کیا اس موقع پر ایس پی جیل خانہ جات حمید اللہ بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شیر افگن رئیسانی نے وفد کو کیمپ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا اور قیدیوں کی اسکریننگ کے عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی کیمپ میں قیدیوں اور جیل اسٹاف کی ٹی بی، ہیپاٹائٹس، ایچ آئی وی/ایڈز اور ذہنی امراض سمیت 30 سے زائد بیماریوں کی اسکریننگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ عمل دوپاسی فاؤنڈیشن کے تعاون سے جاری ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ پیر 15 ستمبر کو باضابطہ طور پر اسکریننگ مہم کا افتتاح کریں گے جس کے بعد صوبے بھر کے تمام جیل خانہ جات میں قیدیوں کی باقاعدہ میڈیکل اسکریننگ شروع کی جائے گی