Live Updates

پارک ویو سٹی انتظامیہ نے دریائے راوی کے ساتھ 7 کلومیٹر طویل حفاظتی بند کی تعمیر کا آغاز کر دیا

اتوار 14 ستمبر 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) پارک ویو سٹی انتظامیہ نے دریائے راوی کے ساتھ 7 کلومیٹر طویل حفاظتی بند کی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے جس کی تکمیل 100 دنوں میں مکمل کرنے کا عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے ایک ارب روپے کے ریلیف پیکج کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔یہ بند 40 فٹ چوڑا اور 30 فٹ اونچا ہوگا، جس میں جاگنگ اور سائیکلنگ ٹریکس، سبزہ زار (گرین بیلٹ)، جدید روشنی کا نظام اور سکیورٹی کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ تحفظ اور تفریح دونوں کو یقینی بنایا جا سکے۔

اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ منصوبہ پارک ویو سٹی کے اپنے وسائل سے مکمل کیا جا رہا ہے اور اس کے لیے کسی سرکاری فنڈنگ پر انحصار نہیں کیا جا رہا۔

(جاری ہے)

ریلیف پیکج کے تحت متاثرہ جائیدادوں کے نقصان کے مطابق معاوضہ دیا جائے گاجبکہ متاثرہ علاقوں میں دو ماہ کے لیے ڈویلپمنٹ چارجز معاف کر دیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ پیشگی اقدام رہائشیوں کی فلاح اور شہری ترقی کے لیے انتظامیہ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

اس موقع پر ایک باضابطہ سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پارک ویو سٹی کے لیے ایک علیحدہ گرڈ اسٹیشن کی منظوری کا بھی اعلان کیا گیا۔ اس تقریب میں وائس چیئرمین وژن ڈیویلپرز عبد الرافع خان، سی ای او پارک ویو سٹی جنید امین، ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ نعیم عباس وڑائچ، ایم پی اے محمد شعیب صدیقی، رانا نذیر احمد خان اور سی ای او فیئر ڈیل چوہدری عبدالرؤف نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سیلز نعیم عباس وڑائچ نے پارک ویو سٹی کی قیادت خاص طور پر چیئرمین اور ان کی ٹیم کو مشکل حالات میں بروقت ردعمل پر سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ادارے کی اصل پہچان اس کے وعدوں کی تکمیل میں ہے اور یہی وہ اصول ہے جس پر پارک ویو سٹی ہمیشہ کاربند رہی ہے۔پارک ویو سٹی کے رہائشیوں نے بھی اس منصوبے اور ریلیف پیکج کو سراہا اور اسے انتظامیہ کی کمیونٹی ویلفیئر اور شہری ترقی کے لیے سنجیدگی کا مظہر قرار دیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :