راولپنڈی،انسدادِ ڈینگی مہم میں کرپشن، جعلی اعداد و شمار جاری کرنے کا انکشاف

اتوار 14 ستمبر 2025 21:55

را ولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)راولپنڈی میں انسدادِ ڈینگی مہم میں کرپشن، ناقص کارکردگی اور جعلی اعداد و شمار جاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ٹارگٹ پورا نہ کرنے پر 300 کے قریب سینیٹری ورکرز اور سپر وائزرز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے انکوائری کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق انسدادِ ڈینگی مہم کے دوران 300 کے قریب اہلکار غیر حاضر پائے گئے۔

(جاری ہے)

غیر حاضر اہلکار گزشتہ سال کی ڈینگی مہم کی تصاویر بھیج کر حاضریاں لگواتے رہے اور تنخواہیں وصول کرتے رہے۔محکمہ صحت کے ذرائع نے کہا کہ کرپشن اور غیر حاضری پر ملازمین کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے، ملوث ملازمین کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

غیر حاضر ملازمین کی غفلت سے ڈینگی کے غلط اعداد و شمار جاری ہوتے رہے، ملوث اہلکاروں میں سے بیشتر اہلکاروں کے جوابات غیر تسلی بخش قرار دیے گئے۔محکمہ صحت کے ذرائع نے کہا کہ انکوائری کمیٹی 2 ماہ میں جامع رپورٹ تیار کر کے سیکریٹری ہیلتھ کو پیش کرے گی، کرپشن میں ملوث اہلکاروں کی انکوائری انٹیلیجنس بیورو کو بھیج دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :