Live Updates

محض ایک ماہ کے بجلی کے بل معاف کرنا کافی نہیں ،لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے‘ جاوید قصوری

پیر 15 ستمبر 2025 15:05

محض ایک ماہ کے بجلی کے بل معاف کرنا کافی نہیں ،لوگوں کے نقصانات کا ازالہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ سیلاب نے ملکی معیشت کو 500ارب روپے کا نقصان پہچایا ہے ،لاکھوں ایکٹر پر کھڑی فصلیں برباد ہونے سے حالات مزید سنگین ہو جائیں گے ،حکومت کی جانب سے محض ایک ماہ کے بجلی کے بل معاف کر دینا کافی نہیں بلکہ کاشتکاروں اور عوام الناس کو پہنچنے والے نقصان کا ٹھیک تخمینہ لگاکر ان کی مدد کی جائے ،لوگوں کے گھر اجڑ گئے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ملکی معیشت 35سال پیچھے چلی گئی ہے جبکہ دوسری جانب عوام بے تحاشا ٹیکسوں کے بوجھ تلے دب کر رہ گئے ہیں۔ حکومت اپنی مراعات اور اربوں روپے اشتہارات پر لگانے کی پالیسی کو ترک کرنے کی بجائے غریب عوام پر مسلسل ٹیکس لگا کر خون تک نچوڑ لینا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

شہباز حکومت ملکی مفاد کے لئے تمام شعبوں کوٹیکس نیٹ میں لانے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے جبکہ جو پہلے سے تنخوادار طبقہ 300ارب روپے کا ٹیکس ادا کر رہا ہے اسی پر بوجھ بڑھایا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ25کروڑ کی آباد میں مٹھی بھر لوگ ٹیکس دیتے ہیں، اشرافیہ، بڑے سرمایہ دار اور جاگیردار سسٹم میں شامل ہونے کو تیار نہیں۔ نجکاری کے نام پر حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہونا چاہتی ہے اور اپنی ناکامیوں کو چھپانا چاہتی ہے۔

اس اقدام سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو جائیں گے۔ ملک کے اندر پہلے ہی 33 فیصد صنعتیں بند ہونے سے دو کروڑ افراد بے روزگار ہیں۔ پالیسی ریٹ 23فیصدسی11فیصد پر آگیا مگر عوام کو ریلیف میسر نہیں۔ رہی سہی کسر سیلاب کے بعد اشیاخوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے پوری کر دی ہے۔ حکومت گراں فروشوں کو قابو کرنے اور مہنگائی کم کرنے میں ناکام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے اندرونی استحکام بنیادی شرط ہے، جمہوری معاشرے میں اندرونی استحکام، سیاسی استحکام سے منسلک اور مشروط ہے۔ قرضوں کا بھاری بوجھ، دہشت گردی، آسمان کو چھوتی مہنگائی، بے روزگاری، اقربا پروری اور بدعنوانی، جیسے مسائل نے ملک کے لیے مشکلات پیدا کردی ہیں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم کو ترقی کے راستہ پر گامزن کرنا ہے تو انتقامی سیاست کو ختم اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنا ہو گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات