مسلم لیگ ن نہ صرف ایک سیاسی جماعت بلکہ ایک عوامی تحریک کی صورت اختیار کر چکی ہے،سردار عامر الطاف خان

پیر 15 ستمبر 2025 15:07

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن و مرکزی رہنما مسلم لیگ ن سردار عامر الطاف خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نہ صرف ایک سیاسی جماعت بلکہ ایک عوامی تحریک کی صورت اختیار کر چکی ہے جو ریاست کی تعمیر و ترقی خوشحالی اور عوامی فلاح کے ایجنڈے پر سرگرمِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مسلم لیگ ن میں مسلسل اور جوق در جوق شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کا اعتماد آج بھی صرف مسلم لیگ ن کی قیادت پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام بخوبی جانتے ہیں کہ ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے والی جماعت مسلم لیگ ن ہی ہے کیونکہ ہمارے پاس نہ صرف بہتر ویژن موجود ہے بلکہ تجربہ بھی ہے جو ہم نے ماضی میں اپنی حکومت کے دوران ترقیاتی منصوبوںتعلیمی اصلاحات اور انفراسٹرکچر کی بہتری کی صورت میں عوام کے سامنے پیش کیا۔

(جاری ہے)

سردار عامر الطاف خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے دورِ حکومت میں عوامی خدمت کو ہمیشہ ترجیح دی۔

سڑکوں کی تعمیر ہو یا تعلیمی اداروں کا قیام، صحت کی سہولیات کی بہتری ہو یا نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع ہماری کارکردگی سب کے سامنے ہے آج بھی اگر کوئی جماعت ریاست کے مسائل کو سمجھتی ہے اور ان کا دیرپا حل نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے تو وہ صرف مسلم لیگ ن ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی انتشار اور بدانتظامی نے عوام کو ایک بار پھر مسلم لیگ ن کی قیادت کی طرف متوجہ کر دیا ہے عوام جان چکے ہیں کہ مسائل کا حل صرف نعرے بازی سے نہیں بلکہ پالیسی منصوبہ بندی اور خلوصِ نیت سے ممکن ہے جو مسلم لیگ ن کا خاصا رہا ہے۔

وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن نے کہا کہ نوجوان ریاست کا قیمتی سرمایہ ہیں اور مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کو اولیت دی ہے موجودہ حالات میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ہنر مندی کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے ایک مربوط اور جامع حکمت عملی کے تحت پروگرام متعارف کروائے ہیں۔

سردار عامر الطاف خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا مشن صرف اقتدار کا حصول نہیں بلکہ ریاست کی ہمہ جہت ترقی ہے۔ ہم نے ہر سطح پر عوامی مسائل کو اجاگر کیاان کے حل کے لیے کوششیں کیں اور آگے بڑھنے کا عزم برقرار رکھا عوام کی حمایت اور اعتماد ہی ہماری اصل طاقت ہے اور یہی طاقت ہمیں ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھانے کا حوصلہ دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والا دور مسلم لیگ ن کا ہے عوام جس محبت اور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیںوہ اس بات کی نوید ہے کہ جلد مسلم لیگ ن ایک بار پھر ریاستی سطح پر عوامی خدمت کے لیے میدان میں ہوگی ہم عوامی مینڈیٹ کو ہمیشہ ایک مقدس امانت سمجھتے ہیں اور اس کا حق ادا کرنا جانتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :