کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار

مون سون سیزن 30 ستمبر تک وقفے وقفے سے بادل برساتا رہے گا تاہم شہر میں فی الحال تیز بارش کا کوئی امکان نہیں،محکمہ موسمیات

پیر 15 ستمبر 2025 14:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)شہرقائد میں صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں میں رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح کراچی کے گولیمار، گارڈن، صدر، گلستان جوہر، گلشن اقبال اور کورنگی لانڈی کے اطراف بونداباندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق نمی کا تناسب زائد ہونے سے بادل تشکیل پاتے ہیں اور آج(منگل)بھی موسم مرطوب رہنے کے ساتھ بوندا باندی یا بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میںپیرکو کم سے کم درجہ حرارت26ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاجبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے اور جنوب مغرب سے ہوائیں 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھیں۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ رواں سال مون سون سیزن 30 ستمبر تک وقفے وقفے سے بادل برساتا رہے گا تاہم شہر میں فی الحال تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔