خیبرپختونخوا،1351 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی سروں کی قیمت 4 ارب سے زائد مقرر

پیر 15 ستمبر 2025 16:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)خیبرپختون خوا میں ایک ہزار 351 خطرنک اور انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جن کے سروں کی قیمت مجموعی طور پر 4 ارب 14 کرور 10 لاکھ روپے مقرر کردی گئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ایک ہزار 351 خطرناک اور انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست محکمہ داخلہ کو ارسال کردی۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ تمام انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے سروں کی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں، دہشت گردوں کے سروں کی مجموعی قیمت 4 ارب 14 کروڑ 10 لاکھ مقرر کی گئی ہے۔سی ٹی ڈی کی جانب سے ارسال کی گئی فہرست کے مطابق پشاور میں انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی تعداد 185 اور ضلع بنوں میں 117 ہیں۔

(جاری ہے)

فہرست کے مطابق شمالی وزیرستان میں 129 دہشت گرد، ڈی آئی خان میں 111، سوات میں 107، مردان میں 51، ضلع کرک میں 72 ،کوہاٹ میں 65 اور باجوڑ میں 42 دہشتگرد انتہائی مطلوب ہیں۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے بتایا گیا کہ دہشت گردوں کی فہرست میں کوئی خاتون دہشتگرد شامل نہیں ہے۔اس سے قبل، فروری میں حکومت خیبرپختونخوا نے کرم میں فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کی تھی۔نوٹی فکیشن کے مطابق کرم میں 14 دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کی گئی ہے، سب سے زیادہ دہشت گرد کاظم کے سر کی قیمت تین کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔