گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول احمد کواری میں لیڈرشپ ڈیویلپمنٹ پروگرام کا انعقاد، طالبات کی بھرپور شرکت

پیر 15 ستمبر 2025 17:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) کوئٹہ میں محکمہ امورِ نوجوانان حکومت بلوچستان کے زیرِ اہتمام ’’لیڈرشپ ڈیویلپمنٹ پروگرام‘‘ کے سلسلے میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول احمد کواری میں تربیتی سیشن منعقد ہوا، جس میں 148 سے زائد طالبات نے بھرپور شرکت کی۔تربیتی نشست کی رہنمائی رضوانہ ایوب نے کی، جنہوں نے قائدانہ صلاحیتوں، کردار سازی، وژن اور خود اعتمادی جیسے موضوعات پر جامع گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قیادت وراثت میں نہیں ملتی بلکہ یہ علم، اعتماد اور مسلسل محنت کے ذریعے پروان چڑھتی ہے۔

سیشن کے دوران طالبات نے اپنے پسندیدہ رہنماؤں کا ذکر کیا۔ کچھ نے قائداعظم محمد علی جناح کو رول ماڈل قرار دیتے ہوئے ان کی اصول پسندی و دیانتداری کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ دیگر نے ملالہ یوسفزئی اور بینظیر بھٹو جیسی خواتین رہنماؤں کی جرات و علم دوستی کو اپنی تحریک کا ذریعہ بتایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طالبات نے کہا کہ یہ نشست ان کے لیے نہ صرف علمی و فکری وسعت کا باعث بنی بلکہ اس نے ان کے اندر قائدانہ جذبے کو بھی نئی توانائی بخشی۔

انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھتی ہیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے تیار ہیں۔محکمہ امورِ نوجوانان کے مطابق یہ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور بلوچستان کی نئی نسل کو مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کرنے کی ایک عملی کوشش ہے۔