ڈیرہ مراد جمالی ،پٹ فیڈر کینال سے ہر سال 15 نومبر سے ربیع سیزن کا آغاز ہوتاہے جس سے 50 ہزار ربیع ون جبکہ 25 ہزار ایکڑ ربی ٹو کی زمینیں سیراب ہوتی ہیں،ایکسئین

پیر 15 ستمبر 2025 17:49

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں ایگزیکٹو انجینئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی نے ڈویژنل ڈائریکٹر ترقیات نصیرآباد ڈویژن حماد فارس قمبرانی کے ہمراہ گزشتہ روز ربیع کینال ٹو کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سب ڈویژنل آفیسر ایریگیشن امان اللہ گاجانی، سب ڈویژنل آفیسر پی اینڈ ڈی ثناء اللہ مکسی اور سپرنٹنڈنٹ پی اینڈ ڈی غلام فرید ابڑو بھی موجود تھے۔

معائنے کے دوران ایگزیکٹو انجینئر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ربیع کینال 22 کلومیٹر پر محیط ہے جس کی ڈی سلٹنگ نہایت ضروری ہے تاکہ ربیع سیزن میں پانی کی بروقت اور موثر فراہمی ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ پٹ فیڈر کینال سے ہر سال 15 نومبر سے ربیع سیزن کا آغاز ہوتا ہے جس سے 50 ہزار ایکڑ ربیع ون جبکہ 25 ہزار ایکڑ ربی ٹو کی زمینیں سیراب ہوتی ہیں اور کاشتکاروں کو تقریباً 11 ارب روپے کی زرعی پیداوار حاصل ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

فرید احمد پندرانی نے کہا کہ پی ایس ڈی پی اسکیم کے تحت ربیع کینال کی ڈی سلٹنگ اور صفائی کے عمل کو بروقت شروع کروانا ناگزیر ہے تاکہ زرعی پانی کی کمی سے متعلق مسائل کا تدارک کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع سے نوتال تک کاشتکاروں کو زرعی پانی فراہم کیا جا رہا ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ بھل صفائی کا بجٹ فوری فراہم کیا جائے تاکہ ربیع سیزن سے قبل کام مکمل ہو سکے۔

مزید برآں گوٹھ حمید مینگل سمیت دیگر مقامات پر دو پلوں کی تعمیر بھی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ترقیات حماد فارس قمبرانی نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کے مفاد میں عملی اقدامات کر رہی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ صفائی اور تعمیراتی کام پی سی ون کے مطابق بروقت شروع کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معائنے اور جائزے کی تمام رپورٹ مرتب کرکے حکام بالا کو ارسال کی جائے گی تاکہ بروقت فنڈز کی فراہمی اور کام کے آغاز کو یقینی بنایا جا سکے۔\378