Live Updates

محکمہ زراعت،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دھان کی بہتر نگہداشت بارے سفارشات جاری

پیر 15 ستمبر 2025 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دھان کی فصل کی بہتر نگہداشت کے لیے کاشتکار فوری اور محتاط اقدامات کریں تاکہ ممکنہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔ سیلابی پانی کے اخراج کے بعد کھیتوں میں کھڑے زائدپانی کو فوری طور پر نکالنا، زمین کو ہموار کرنا اور جڑی بوٹیوں کی تلفی بے حد ضروری ہے تاکہ فصل کی نشوونما متاثر نہ ہو۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا کہ کاشتکار کھیتوں میں موجود پانی کے تجزئیے پر بھی توجہ دیں کیونکہ اکثر سیلابی پانی مٹی میں نمکیات اور دیگر مضر اجزاء شامل کر دیتا ہے۔ اس مقصد کے لیے مٹی اور پانی کے سیمپل قریبی زرعی لیبارٹری سے چیک کروائے جائیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا گیا کہ کاشتکار دھان کی فصل میں بیماریوں اور کیڑوں کی باقاعدہ نگرانی کریں۔

(جاری ہے)

سیلاب کے بعد دھان کی بیماریاں مثلا جڑ کی سڑن، تنے کی بیماری، بھونڈ اور تنے کے کیڑے وغیرہ حملہ آور ہو سکتے ہیں۔ کاشتکار کسی بھی بیماری یا کیڑوں کے حملہ کی صورت میں محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے سپرے کریں۔ سپرے سے قبل وقفہ قبل از برداشت کو لازما نوٹ کر لیں۔ کھادوں کا متوازن استعمال اس وقت انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ دھان کی فصل میں محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے نائٹروجن کھاد کے ساتھ ساتھ پوٹاش کا استعمال بھی کیا جائے تاکہ پودوں کی قوتِ مدافعت بہتر ہو اور پیداوار پر منفی اثرات کم ہوں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات